ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ایم کیو ایم رہنما نے واضح کر دیا، پیپلزپارٹی کیساتھ معاملات طے ہونے پر وضاحتی بیان جاری

کراچی(پی این آئی)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان نے حکومت یا اپوزیشن کاساتھ دینےکے حوالے سےکہا ہےکہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔اسلام آباد میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی۔

 

وفد میں ایم کیو ایم کی جانب سے عامرخان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر اور جاوید حنیف شامل تھے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصرشاہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب اور رخسانہ بنگش شریک ہوئیں۔ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آج کی میٹنگ بھی مشاورت کا حصہ ہے، دونوں طرف سے اچھے خیالات کا اظہار ہوا۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ بلاول نے کہا ہےکہ انھوں نے مطالبات مان لیے ہیں، لیکن یہ مطالبات زبانی مانےگئے ہیں، اس کا ایک پورا طریقہ کار ہوتا ہے، باقاعدہ تحریری شکل دی جاتی ہے، ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا،چاہے ن لیگ کے ساتھ بات ہو یا پیپلزپارٹی، تحریری معاہدہ ہوگا توسامنے آجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے فیصلے سے متعلق اعلان رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا، کوئی جلدی نہیں، اپنے لوگوں اور اپنے شہر کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے، ہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں