اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی ہے کہ کل یعنی 25 مارچ کو اجلاس کا پہلا دن مختصر رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق ارکان نے تجویز دی ہے کہ اجلاس رکن قومی اسمبلی خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد ملتوی کردیا جائے اور اپوزیشن کو عدم اعتماد کی تحریک پیش نہ کرنے دی جائے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ارکان نے مرحوم رکن قومی اسمبلی کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی تجویز بھی دی۔ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں ایک سے ڈیڑھ ماہ تاخیر کی جائے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں دی جانے والی تجاویز کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس میں تمام حکومتی اراکین کی حاضری یقینی بنانےکی تجویز بھی سامنے آئی، ارکان نے تجویز دی کہ اجلاس میں تمام اتحادیوں کو بھی شرکت کا کہا جائے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اس لیے اپوزیشن کےساتھ جانے کا اعلان نہیں کررہے، اتحادی ابھی تک ہمارا حصہ ہیں، اگر ایسی بات نہ ہوتی تو وہ اب تک استعفیٰ دے چکے ہوتے۔ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کو جو خوش فہمی ہے اتحادی اس میں نہیں آئیں گے، وزیراعظم نےکہا اتحادیوں کا باضابطہ اعلان نہ کرنا ظاہر کرتا ہے کہ وہ حکومت کے حامی ہیں، اتحادیوں سے رابطے میں ہوں، وہ ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق وزیراعظم نےکہا کہ منحرف اراکین کے خلاف 7 روز ہونے کے بعد کارروائی کریں گے، پرُامید ہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارےحق میں آئے گا ، تمام منحرف اراکین تا حیات نا اہل ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ 27 مارچ کو معلوم ہوجائےگاعوام کس کےساتھ ہیں، عوام کا سمندر اسلام آباد میں ہوگا، مقابلے کیلئے کوئی نہیں ہوگا،ہم یہ لڑائی جیت چکے ہیں، اپوزیشن کےخوابوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں