کتنے منحرف ارکان نے واپسی کیلئے رابطہ کیا؟ حکومت بھی میدان میں آگئی، بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد ( پی این آئی) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ کچھ منحرف اراکین واپس آنے کے لیے رابطہ کرچکے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماء سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ منحرف ارکان کو شو کاز دیا کہ انہوں نے ہمشہ کے لیے سیاست ختم کرنی ہے یا واپس آنا ہے ، جس کے بعد کچھ لوگ واپس آنے کے لیے ہم سے رابطہ کرچکے ہیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ کیا لوگوں کی نمائندگی یہ پارلیمنٹیرینز کر رہے ہیں؟ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے کیوں کہ یہ جمہوریت نہیں لین دین ہے ۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو 2 وفاقی وزیر اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس کوئی کارڈ نہیں رہ گیا ، ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہوچکی ہے ، پی ٹی آئی کے 11 لوگ اور 2 وفاقی وزیر بھی آ رہے ہیں جب کہ عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں ، وہ سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کے لیے رابطے کررہے ہیں اور کہیں مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں ۔حکمران جماعت کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہوچکی ہے ، مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی 2 سے 3 لوگ ہیں۔

 

سنا ہے مسلم لیگ ق کے پاس بھی 3 سے 4 افراد موجود ہیں یوں تحریک عدم اعتماد میں ارکان کی تعداد 200 تک پہنچ جائے گی ، میں قرآن پاک کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں نے ایک روپیہ رشوت نہیں لی ، اگر عمران خان میڈیا پر آکر قراٰن پاک اٹھا کر کہہ دیں تو میں انہیں معاف کردوں گا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close