مانسہرہ (پی این آئی) مانسہرہ کی خاتون اسسٹنٹ کمشنر ماروی ملک شیر نے ہراساں کیے جانے کے شرمناک واقعے کے بعد پہلا بیان جاری کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماروی ملک نے ڈیوٹی کے دوران لی گئی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں انھیں دیگر افسران کے ہمراہ کسی مقام پر کھڑے گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اپنے پہلے پیغام میں ماروی ملک نے لکھا ہے کہ’ جن کے دل میں خدا ہو وہ کبھی نہیں گرتے ‘،
لیڈی اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد اور مانسہرہ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ یہ بات اہم ہے کہ کچھ روز قبل اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ ماروی شیر ملک کی گاڑی کو 3 ملزمان کئی بار اوور ٹیک کیا تھا اس دوران ملزمان خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی تصاویر اور ویڈیو بھی بناتے رہے اور پھر غازی کوٹ میں 3 افراد نے ان پر حملہ کر دیا تھا۔ مقامی ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے سامنے اپنی گاڑی روک کر دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خاتون ہوکر ہم پر اے سی تعینات ہوئی، ہم کسی خاتون کو اے سی یا ڈی سی نہیں مانتے۔
اس تلخ کلامی کے دوران ایک ملزم نے اے سی کو گولی مارنے کی دھمکی بھی دی اور کھینچا تانی کے دوران لیڈی اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک کا ہاتھ زخمی ہوگیا تھا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں