لاہور (پی این آئی) پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم عمران خان کے انتہائی قابل اعتماد ساتھی سردار عثمان بزدار نے کسی دوسری سیاسی جماعت سے ٹکٹ کے لیے رابطہ کیے جانے کے حوالے سے مخالفین کے دعوے کے جواب میں کہنا ہے کہ بے بنیاد الزامات کا جواب دینا وقت کا ضیاع سمجھتا ہوں۔ عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الزامات کی سیاست کبھی کی ہے نہ اس پر یقین رکھتے ہیں، پروپیگنڈا کرنے والوں کا ایجنڈا سیاسی انارکی پھیلانا اور ترقی روکنا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مخالفین الزام برائے الزام لگاتے جائیں،
ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا سپاہی ہوں، مخالفین کی ہر سازش کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما و رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کو عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں اور سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کے لیے رابطے بھی کر رہے ہیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں