اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن اسمبلی ملک احمد حسین ڈاہر کی جانب سے ٹی وی پروگرام میں وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھنے ‘ دور حاضر کا ’’ارطغرل ‘‘ قرار دینے اور جینے مرنے کے عہد و پیماں کی ویڈیو ٹویٹر پر وائرل ہو گئی ۔ٹویٹر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے اور صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں عمران خان کو چھوڑنے کا جتنا ریٹ ملا ہے اتنا کسی اور کو چھوڑنے کا نہیں ملا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق
پیر کو ٹویٹر پر عامر نام کے ایک صارف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ملتان کے حلقہ این اے 154 ملتان ایک سے منحرف رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈاہر کی نجی ٹی وی کے پروگرام کا ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا ہے جس میں وہ وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ احمد حسین ڈاہر کہتے ہیں کہ عمران خان دور جدید کا ’’ارطغرل‘‘ ہے جو ہزار مخالفین کے سامنے ڈٹا ہوا ہے ۔ ڈرامہ میں ارطغرل اس میں یہ ہے کہ اس کیخلاف
ہزار سازشیں ہوتی ہیں اس کے بھائی اس کیخلاف سازشیں ہوتی ہیں۔ لیکن چونکہ نظریہ ایک ہے ‘ اللہ پر ایمان پختہ ہے آخر میں اس کو کامیابی حاصل ہوتی ہے ۔ آج میں آپ کو پریڈکشن دے رہا ہوں کہ آخر عمران نے کامیاب ہونا ہے اور ہم نے اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ ٹویٹر پر عامر نامی صارف کی جانب سے ایک کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے بعد مختلف صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھا جا رہا ہے ۔ حسیب نامی ایک صارف کی جانب سے ریمارکس دئیے گئے ہیں کہ انہیں
عمران خان کو چھوڑنے کا جتنا ریٹ ملا ہے اتنا کسی اور کو چھوڑنے کا نہیں ملا ہو گا جبھی اتنا اظہار یکجہتی کر رہا ہے ۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈاہر 2002 سے 2012 تک پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ رہے ہیں اور وہ 2008 میں پی پی 200 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد 2012 میں وہ پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا حصہ بن گئے ۔ 2013میں مسلم لیگ (ن) کو بھی چھوڑ دیا اور 2016 میں تحریک انصاف جوائن کر لی اور 2018ء میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ملتان کے حلقہ این اے 154 سے 74220 ووٹ لے کر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے عبدالقادر گیلانی کو شکست دی تھی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں