لاہور (پی این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ منحرف ارکان استعفیٰ دینے پر بھی تیار تھے مگر ہم نے انہیں روکا‘آئین میں زندگی بھر کیلئے نا اہلی کی کوئی شق نہیں ‘عدالت آئین کی تشریح کر سکتی ہے، آئین میں خود سے کچھ داخل نہیں کر سکتی‘اتحادیوں سے مثبت بات ہو چکی ہے‘حکومت ووٹنگ کی تاریخ فکس کر دے تو اور لوگ بھی سامنے آئینگے۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ زندگی بھر کے لیے
نا اہلی کی آئین میں کوئی شق نہیں عدالت آئین کی تشریح کر سکتی ہے، آئین میں خود سے کچھ داخل نہیں کر سکتی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ منحرف ارکان استعفیٰ دینے پر بھی تیار تھے مگر ہم نے انہیں روکا کہ پہلے ووٹ کا استعمال کریں پھر مستعفی ہوں۔انہوں نے کہا کہ منحرفین نے اس جابر ظالم متکبر اور کرپٹ حکمران کے خلاف عدم اعتماد کیا ہے، ابن الوقت وہ ہوتا ہے جو اپوزیشن کو چھوڑ کر اقتدار میں بیٹھ جائے یہ لوگ تو اقتدار کو چھوڑ کر آئے ہیں، یہ تو مجاہد لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مثبت بات ہو چکی ہے ،حکومت ووٹنگ کی تاریخ فکس کر دے تو اور لوگ بھی سامنے آئیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں