پاپڑ فروش کی ہلاکت، کون کون پکڑا گیا؟

پتوکی (پی این آئی) پاپڑ فروش کی باراتیوں کے تشدد سے ہلاکت پر انسانیت شرما گئی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پتوکی میں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے پاپڑ فروش کے جاں بحق ہونے کے معاملہ پر انتظامیہ نے ایکشن لے لیا ہے اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے نوٹس کے بعد پتوکی انتظامیہ نے شادی ہال کو سیل کر دیا ہے۔ مقامی اسسٹنٹ کمشنر نے مقتول کے گھر جا کر اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے متاثرہ فیملی کو انصاف کی یقین دہانی کروائی گئی اور مالی امداد کا وعدہ بھی کیا گیا۔

یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ دنوں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے جاں بحق پاپڑ فروش کی لاش زمین پر پڑی رہی اور بے حس باراتی کھانا کھانے کی فکر میں مگن رہے۔ پاپڑ فروش اشرف عرف سلطان کی پتوکی کے شادی ہال میں ہلاکت کے معاملے پر اشرف کے برادر نسبتی پرویز نے پولیس کو بتایا کہ وہ ساتھیوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر شادی ہال کے باہر سے گزر رہا تھا۔اس نے دیکھا کہ شادی ہال میں کچھ باراتی پاپڑ بیچنے پر اشرف کو ٹھڈوں اور مکوں سے مار رہے ہیں،

انہوں نے چھڑانے کی کوشش کی مگر ملزم باز نہ آئے، اسی دوران اشرف زمین پر گر گیا، ریسکیو ٹیم نے آکر اشرف کی موت کی تصدیق کردی۔قصور پولیس نے پرویز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے شادی ہال منیجر وقاص سمیت 12 افراد کو حراست میں لے لیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close