وفاقی اور پنجاب حکومت دونوں پر تحفظات ہیں واپس نہیں جاؤں گا، منحرف رکن اسمبلی نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کے باغی رکن قومی اسمبلی مخدوم باسط بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت دونوں پر تحفظات ہیں واپس نہیں جاؤں گا، وزیراعظم نے پیسے لینے کا الزام لگایاحلفاً کہتا ہوں پیسے نہیں لیے، ن لیگ چھوڑی تو واٹس ایپ پر کوئی پیغام نہیں آیا، لیکن اب غلیظ الزامات اور گالیوں کے پیغامات آرہے ہیں۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے امیدوار کو ہرا کرآیا ہوں۔

 

عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب محاذ کو ہائی جیک کیا، میں جب پی ٹی آئی میں آیا تو میں نے کہا کہ آزاد حیثیت برقرار رکھوں گا، لیکن ایک مہربان عون چودھری نے وزیراعظم سے بات کرائی عمران خان نے کہا کہ آپ پاکستان کیلئے مجھے جوائن کرلو۔پاکستان کا نام سن پر میں نے کہا میں سائن کردیتا ہوں۔مجھے وفاقی اور پنجاب دونوں حکومتوں پرتحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھ الزام لگایا کہ پیسے لیے ہیں، لیکن میں قرآن پر حلف دیتا ہوں کہ میں نے پیسے نہیں لیے۔ایسے نہیں ہوتا کہ جو آپ کے ساتھ ہیں وہ ٹھیک ہیں جو آپ کے ساتھ نہیں ہے وہ ٹھیک نہیں ہے۔جب ن لیگ کو چھوڑا اور جنوبی محاذ بنایا تو مجھے واٹس ایپ پر ایک میسج نہیں آیا۔لیکن اب مجھے اتنے واٹس ایپ پیغامات آئے کہ میں بلاک کرکے تھک گیا ہوں،اس میں زیادہ تر لوگ خیبرپختونخواہ کے ہیں۔ بڑے غلیظ الزامات اور گالیاں دی گئیں۔اسی طرح تحریک انصاف کی منحرف رکن اسمبلی وجیہہ قمر نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دنوں سے صبرو تحمل کا مظاہرہ کررہی ہوں، کیا ریاست مدینہ اس طرح کی اخلاقیات سکھاتی ہے،ریاست مدینہ کیا تقریریں کرنے اور ہاتھ میں تسبیح پکڑنے سے بن جاتی ہے؟یہ سب عوام کو پاگل بنانے کیلئے ایک ڈھونگ تھا۔

 

سلیکٹڈ احتساب کیا گیا اور مخالفین کو نشانہ بنایا گیا، حلفیہ کہتی ہوں پیسے لینے کا الزام جھوٹا اور بہتان ہے، میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر یہ بات کرسکتی ہوں کیاعمران خان قرآن پر ہاتھ رکھ سکتے ہیں؟ ابھی پارٹی چھوڑی نہیں تو یہ حال ہے کہ آپ نے ہمارے گھروں پر حملے کیے اور باپ دادا تک پہنچ گئے، کیا آپ کے اردگرد لوگوں نے کرپشن نہیں کی؟ آپ کو جو سعودیہ نے گھڑی تحفے میں دی وہ آپ نے بیچ نہیں دی؟ مخصوص نشست دے کر مجھ پر کوئی احسان نہیں کیا، کسی سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ، امید ہے عدلیہ ہمارے حق میں فیصلہ دے گی، ڈی سیٹ ہونے کی دھمکی سے آواز نہیں دبائی جاسکتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں