‘مجھے کسی نے رقم یا عہدے کی کوئی پیشکش نہیں کی، حامد میر کے پروگرام میں منحرف رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے قرآن پاک پر حلف دے دیا

اسلام آباد(پی این آئی)تحریک انصاف کی ناراض رکن اسمبلی وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ حلف اٹھاکر کہتی ہوں مجھے کسی نے رقم یا عہدے کی کوئی پیشکش نہیں کی۔حامد میرسے گفتگو میں وجیہہ قمر نے کہا کہ میں قرآن پا ک پر ہاتھ رکھ کر کہتی ہوں کہ نہ کسی رقم اور نہ ہی کسی عہدے کی پیشکش ہوئی ہے۔پی ٹی آئی کی خاتون ایم این اے نے کہا کہ کچھ دنوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہی ہوں۔

ارکان کے گھروں پر حملے کیے گئے باپ دادا تک پہنچ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ یہ سکھاتی ہے؟ جو ہم آج کل اپنی اخلاقیات کا نمونہ پیش کررہے ہیں، ریاست مدینہ کیا تقریریں کرنے یا ہاتھ میں تسبیح سے بن جاتی ہے۔وجیہہ قمر نے یہ بھی کہا کہ بہت ساری ایسی باتیں ہیں جو ہم کئی سالوں سے سن رہے تھے، یہ سب عوام کو پاگل بنانے کے لیے ایک ڈھونگ تھا، صرف سلیکٹڈ احتساب کیا گیا مخالفین کو نشانہ بنایا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو دو مرتبہ اپنے تحفظات کا بتایا، ابھی تو میں نے پارٹی چھوڑی نہیں، ابھی تو میں پارٹی کا حصہ ہوں اور یہ حالات ہیں۔وجیہہ قمر نے کہا کہ ڈی سیٹ کرنے کی دھمکی سے ہماری آواز نہیں دبائی جاسکتی، میں بھی حسینیت کی راہ پر ہوں، امید ہے عدلیہ ہمارے حق میں فیصلہ دے گی۔اُن کا کہنا تھا کہ اپنے حلقے کے لیے کام کررہی تھی تو کہا گیا کہ یہاں سے الیکٹ ایبل کو ٹکٹ دیں گے، مخصوص نشست دے کر مجھ پر کوئی احسان نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close