4وفاقی وزرا کا بھی اپوزیشن کیساتھ رابطوں کا انکشاف، حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ گئی

اسلام آباد(پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف حکومت کے 4 وفاقی وزراء کے اپوزیشن سے رابطوں کا دعویٰ سامنے آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 4 وفاقی وزرا اپوزیشن سے رابطے میں ہیں ، خیبر پختونخوا میں بھی پی ٹی آئی کے 45 ارکان نے اپنا الگ گروپ بنا لیا ، مرکز اور پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا میں عدم اعتماد لائیں گے ، انہوں نے یہ بات ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہی ۔

 

پی پی رہنماء نے مزید کہا کہ ہم صرف 172 ہی نہیں ہم ارکان اسمبلی کی پوری ڈبل سنچری کرکے دکھائیں گے ، یہ جانتے تھے جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت سندھ ہاؤس میں ان کے ارکان نہیں تھے ، اس کے باوجود انہوں نے صرف ایک پیغام دینے کے لیے حملہ کیا کہ ہم یہ سب بھی کرسکتے ہیں۔ادھر ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے نئی حکمت عملی مرتب کرلی ، وفاقی حکومت نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی او آئی سی اجلاس روکنے کے لیے قومی اسمبلی ہال میں دھرنے کی دھمکی کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے اپوزیشن کی پریس کانفرنس کے بعد وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر وزراء نے آپس میں رابطہ کیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے حوالے سے مشاورت کی ۔

 

اس ضمن میں حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن جمع ہونے کے 14 دن کے اندر اجلاس بلانا لازم ہے تاہم اجلاس کا ہونا لازم نہیں ہے ، اس لیے اب تحریک عدم اعتماد کا اجلاس او آئی سی کانفرنس کے بعد ہوگا ، کیوں کہ او آئی سی کے باعث قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا چارج وزارت خارجہ کے پاس ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں