رحیم یارخاں (پی این آئی) میاں بیوی دونوں پنجاب پولیس کے ملازم، دونوں کی دو بیٹیاں، ایسا آخر کیا ہوا کہ بیوی نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، رحیم یار خان میں شوہر کے جھگڑوں سے تنگ آکر خود کشی کرنے والی سب انسپکٹر میری روز کے والد کا بیان سامنے آ گیا ہے۔ایک میڈیا انٹرویو میں خاتون سب انسپکٹر میری روز کے والد نے بتایا کہ میں نے اپنی بیٹی کے سُسرال والوں سے پوچھا کہ ایسا کیا ہوا تھا کہ میری بیٹی نے خودکشی کی
جس پر اُنہوں نے یہی کہا کہ اُنہیں ایسی کوئی بات معلوم نہیں کہ جس سے اندازہ لگایا جاسکے کہ میری روز مشکل میں تھی۔ سب انسپکٹر میری روز کے والد نے کہا کہ میں اپنی بیٹی سے اُس کی خیریت دریافت کرتا رہا اور وہ یہی کہتی تھی کہ سب ٹھیک ہے، بیٹی نے بتایا تھا کہ بہت جلد اُس کا رحیم یار خان سے لاہور ٹرانسفر ہوجائے گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ میری روز کی خودکشی کے دن کیا ہوا تھا؟ تو میری روز کے والد نے بتایا کہ خودکشی کی صبح بیٹی اپنی ڈیوٹی پر گئی اور جلدی گھر آ گئی، جب میں نے جلدی گھر آنے کی وجہ پوچھی تو بیٹی نے کہا کہ اُس کی طبیعت ٹھیک نہیں اور کچھ دیر سونا چاہتی ہوں۔ میری روز کے والد نے بتایا کہ اُس کے بعد میری بیٹی اوپر کمرے میں چلی گئی اور کچھ دیر بعد شور کی آواز آئی، میری روز نیچے آئی اور گِر گئی، اُس نے اپنی بیٹیوں کو گود میں لیا اور کہنے لگی کہ امّی، ابو مجھے معاف کردیں خاتون سب انسپکٹر کے والد نے بتایا کہ اُس کے بعد میری روز کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئی۔
یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ دنوں رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی سب انسپکٹر میری روز نے شوہر سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھاکر خودکشی کرلی تھی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، ان کی 2 بیٹیاں بھی ہیں۔ سب انسپکٹر میری روز کے شوہر دلاور لاہور میں پولیس میں انسپکٹر ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں