تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کے بدلے کسی سے پیسے نہیں لئے، منحرف پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے سورۃ یٰسین ہاتھ میں لے کر قسم کھالی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکنِ قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ نے سورۃ یٰسین ہاتھ میں لے کر قسم کھائی ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کے بدلے انہوں نے کسی سے پیسے نہیں لیے اور جہاں تک ان کے علم میں ہے کہ کسی بھی رکنِ اسمبلی نے کسی سے کوئی پیسے نہیں لیے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر طلال گوپانگ نے کہا کہ ارسطو وزرا جو بہتان لگاتے ہیں عمران خان انہیں روکیں، میں باوضو بیٹھا ہوں ، میں نے کسی سے ایک روپیہ لیا ہے اور نہ کسی پارٹی نے آفر دی ہے۔ان سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا انہیں کسی پارٹی نے ٹکٹ کی آفر کی ہے تو عامر گوپانگ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2008 اور 2013 میں آزاد حیثیت میں ن لیگ کو شکست دی، سنہ 2018 کے الیکشن میں چھ میں سے وہ واحد رکن تھے جس نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر مظفر گڑھ میں کامیابی حاصل کی۔

وہ اپنے حلقے کے عوام سے رابطے میں رہتے ہیں ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ٹکٹ کی یقین دہانی کے حوالے سے بھی قسم دے سکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ہاں وہ قسم دے رہے ہیں کہ نہ تو کسی نے انہیں ٹکٹ کی یقین دہانی کرائی ہے اور نہ انہوں نے کسی سے ایسی یقین دہانی لی ہے۔عامر گوپانگ نے کہا کہ وہ ایک سیاسی کارکن ہیں، وہ نہ تو اپنی پارٹی سے منحرف ہوئے ہیں اور نہ ہی تحریک انصاف کو چھوڑ رہے ہیں۔ وہ اس لیے ناراض ہیں کیونکہ حکومت کی ساڑھے تین سال کی ناقص کارکردگی کے باعث حلقے میں عوام کے شدید ردِ عمل کا سامنا ہے، اس عرصے میں وہ اپنے حلقے کے عوام کا ایک بھی مسئلہ وفاقی حکومت سے حل نہیں کرواسکے۔انہوں نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کے دن اسمبلی جائیں گے اور سیاسی دوستوں کی مشاورت سے جو درست سمجھیں گے وہی فیصلہ کریں گے۔ عامر گوپانگ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے بلکہ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں