قوم کو مبارک ہو یہ حکومت جا چکی ہے، بلاول زرداری نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قوم کو مبارک ہو یہ حکومت جا چکی ہے، ہمارے ایم کیوایم کے ساتھ تمام معاملات طے پا چکے ہیں،ہم نے فیصلہ کیاہے کہ پی پی وزیراعظم کے لیے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی ،یہ ن لیگ کا حق ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں بلاول بھٹو زرداری نےبات کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت مکمل تباہ ہو چکی ہے۔

 

 

ہمارے اورایم کیو ایم کے تمام معاملات طے پا چکے ہیں،ایم کیوایم کا ہم پر اور ہمارا ان پر مکمل اعتماد ہے۔پیپلز پارٹی وزیراعظم کے لیے اپنا امیدوار نہیں لائے گی کیونکہ ن لیگ کے پاس اکثریت ہے اور یہ ان کا حق ہے کہ وہ اپنا وزیراعظم لائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جو آج کررہے ہیں وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا ہے۔ہم سب مل کر اتفاق رائے لائیں گے،سلیکٹڈ حکومت کو جمہوری طریقے سے گرائیں گے۔ہمیں نئے الیکشن کی طرف بڑھنا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیسے کے الزام میں اگر سچائی ہوتی تو ان کے اتحادی ان کے ساتھ ہوتے، ہم کسی قسم کا غیر جمہوری طریقہ نہیں اپنائیں گے ،جمہوری طریقے سے اس حکومت کے ساتھ نمٹیں گے، ووٹ دینا ہر ایم این اے کا جمہوری حق ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک وجہ بتا دیں کہ ایک دن بھی عمران خان کو برداشت کر سکیں،عمران خان اکثریت کھو چکے ہیں اور اب دہشت پھیلا رہے ہیں،عمران خان اگر اتنے اشتعال انگیز بیانات دیں گے تو پی ڈی ایم سے کیا توقعات رکھتےہیں؟چئیر مین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ ابھی تک قومی حکومت پر بات چیت نہیں ہوئی ہے،شہباز شریف کی قومی حکومت کی بات ہم اپنی پارٹی میں مشاورت کے بعد کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close