جہانگیر ترین اور علیم خان نے اپنا پیسہ ڈبل کر لیا، وزیراعظم کے انتہائی قریبی ساتھی کا دعویٰ

اسلام آباد ( پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے سابق کوارڈینیٹر جاوید بدر نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان نے اپنا پیسہ ڈبل کر لیا۔ وزیراعظم کے سابق کوارڈینیٹر جاوید بدر نے جاری کیے گئے بیان میں یہ الزام عائد کیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعطم عمران خان کے ساتھ سیاسی فیصلوں پر اختلاف ہے لیکن میرے وہ لیڈر ہیں۔جاوید بدر نے کہا کہ وزراعظم عمران خان کے خلاف سب پارٹیوں کا اکٹھا ہونا اپوزیشن کو چور ثابت کرتا ہے۔

 

علاوہ ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اورجہانگیر ترین گروپ کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور آئندہ دو روز تک دوبارہ ملاقات بھی متوقع ہے ۔ جہانگیر ترین گروپ کے رکن فیصل حیات جبوانہ کے مطابق مسلم لیگ (ق) کا ہمارے ساتھ رابطہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ ہیں ملاقا توں کے لئے دروازے کھلے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جہانگیر ترین گروپ کے اراکین سپیکر چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چوہدری برادران نے جو کہنا تھا کہہ دیا ، سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اتحادی حکومت کے ساتھ نہیں رہ سکتے ۔حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا ، مولانا فضل الرحمان کے گھر ہونے والے مشاورتی اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

 

اجلاس میں 23 مارچ کو ہونے والے اپوزیشن کے لانگ مارچ کی حکمت عملی بھی طے کی گئی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تعلقات ٹوٹ چکے ہیں اور اتحادی اب حکومت کے ساتھ نہیں رہ سکیں گے ، تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، حکومت اسمبلی اجلاس بلائے ہماری طرف سے کوئی تاخیر نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close