اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو ہر چیز کی جلدی ہوتی ہے، مشرف دور میں وہ سپیکر بننا چاہتے تھے لیکن میں نے انہیں روک دیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مشرف کے زمانے میں شیخ رشید کو وزیر بنایا جا رہا تھا لیکن وہ سپیکر بننا چاہ رہے تھے۔
میں نے انہیں کہا کہ شیخ صاحب آپ نے الیکشن نہیں لڑنا،ایسے نہ کریں ، خورشید قصوری نے وزارت خارجہ قبول کی اور کہا کہ انہوں نے آئندہ الیکشن نہیں لڑنا۔چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ شیخ رشید کو ہر چیز کی جلدی ہوتی ہے، وہ ق لیگ کے سیکریٹری جنرل بھی بننا چاہتے تھے لیکن میں نے کہا کہ ہم نے پارٹی ختم نہیں کرانی اس لیے مشاہد حسین سید ہی سیکریٹری جنرل رہیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے شیخ رشید کے حوالے سے ایک اور دلچسپ قصہ بھی سنایا۔ چوہدری پرویز الہٰی کے مطابق جب نواز شریف کو بھاری مینڈیٹ ملا تو شیخ رشید کو کوئی وزارت نہیں دی گئی جس پر وہ ہمارے گھر آگئے اور نواز شریف کو اتنی گالیاں دیں کہ جس کی کوئی حد نہیں۔ اس پر چوہدری شجاعت نے شیخ رشید سے کہا کہ تم اپنا منہ بند کرو، وزارت ہم تمہیں لے دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں