لاہور (پی این آئی)سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے گزشتہ روز انٹرویو میں دیے گئے بیان پر وضاحت دے دی۔پرویز الٰہی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہم اتحادی ہیں اور الگ جماعت ہیں۔ جماعتوں کے اندر مختلف آراء ہوتی ہیں اور فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ایماندار اور ان کی نیت بھی اچھی ہے، ہم نے حکومت چھوڑی ہے اور نہ ہی اپوزیشن جوائن کی ہے۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت کا حصہ ہیں
اور ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے، عوامی مسائل کی نشاندہی آج نہیں کی پہلے دن سے کر رہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے چلا جائے تو حکومت کا اپنا فائدہ ہے۔یاد رہےکہ پرویز الٰہی نے گزشتہ روز صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ابھی بہت سے سرپرائز آنے ہیں، حکومت کو تو یہ بھی نہیں پتہ کہ کون ان کے ساتھ ہے اور کون نہیں، اس وقت حکومت کا کوئی اتحادی بھی 100 فیصد ان کے ساتھ نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں