حکومت گرانے کی جدو جہد، مولانا فضل الرحمٰن نے مریم نواز کو بڑی ذمہ داری سونپ دی

اسلام آباد (پی این آئی ) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے لیے مسلم لیگ ن کے قافلے کی قیادت مریم نواز کریں۔لانگ مارچ کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن نے ن لیگ کو تجاویز پیش کر دیں۔مولانا فضل الرحمن نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ جنوبی پنجاب کے کارکنان کو لاہور میں جمع ہونے کی کال دے۔

 

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز شرکاء کی قیادت کرتے ہوئے لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد آ جائیں۔پی ڈی ایم سربراہ نے ن لیگ کو یہ تجویز بھی دی کہ شہباز شریف اسلام آباد میں لانگ مارچ کے قافلے کا استقبال کریں۔مولانا فضل الرحمن کی ان تجاویز کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں حتمی فیصلہ اور اعلان ن لیگ کی قیادت کرے گی۔خیال رہے کہ 28مارچ کے دن عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہونی ہے ، ڈراپ سین کے بعد کیا ہو گا یہ کہنا ابھی مشکل ہے ، وزیر اطلاعات کے مطابق اپوزیشن کے ارکان جن میں مبینہ طور پر حکومت جماعت کے منحرف ارکان اور شاید حکومتی اتحادی بھی شامل ہوں گے ، جب عدم اعتماد کی تحریک میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے تو انہیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کے بیچ سے گزرنا ہو گا اور ایسی ہی صورتحال کا سامنا انہیں واپسی میں بھی کرنا پڑے گا۔

 

گو کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاور شو ووٹنگ سے ایک دن قبل 27 مارچ کو ہو گا لیکن اپوزیشن کے خدشات اور تحفظات اس حوالے سے موجود ہیں جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی جانب سے اس صورتحال سے ’ عہدہ برآ‘ ہونے پر مشاورت کی اطلاع ہے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے 28 مارچ کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور کارکنوں کو بھی تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ، احتجاج اور سیاسی مزاحمت کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کی جماعت خاص حوالہ رکھتی ہے، وہ کے پی کے اور راولپنڈی اسلام آباد سے بڑی تعداد میں اپنے اطاعت گزاروں کو اسلام آباد پہنچنے کا حکم دے سکتے ہیں جو لوگ ہجوم کی تفسیات جانتے ہیں وہ مسلسل خدشات کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ اس موقع پر کوئی نعرہ بھی بارود میں چنگاری کا کام کر سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close