دو اہم اتحادیوں کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، مکمل اعتماد کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)حکومتی اتحادی جماعتوں گرینڈڈیمو کریٹک الائنس اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماوں نے وزیراعظم عمرا ن خان سے ملاقات کی ۔ جی ڈی اے نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ لاجز پہنچے تو گرینڈ ڈیمو کریٹک موومنٹ الائنس (جی ڈی اے) کے وفد سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات فہمیدہ مرزا کی رہائشگاہ پر ہوئی، ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ، رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بھی موجود تھے۔حکومت کی طرف سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شامل تھے۔ملاقات کے دوران جی ڈی اےکے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔دوسری طرف پارلیمنٹ کے لاجز میں وزیراعظم عمران خان نے بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، ارکان قومی اسمبلی روبینہ عرفان، سردار اسرار ترین، میر احسان ریکی،مخدوم شاہ محمود قریشی، اسد عمر، ڈاکٹر شہباز گل نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close