تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کے بدلے پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کو بڑے عہدے کی پیشکش کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی نے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کے بدلے ایم کیو ایم پاکستان کو سندھ کی گورنر شپ کی پیشکش کردی، ساتھ ہی آصف زرداری نے آئینی مطالبات کی منظوری کی بھی یقین دہانی کرادی۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پی پی پی سے تحریری ضمانت مانگ لی۔نجی نیوز چینل کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلزپارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں شہری علاقوں میں ملازمتوں کا 40 فیصد کوٹہ مانگ لیا جبکہ کراچی میں نئی مردم شماری اور حلقہ بندیاں بھی مطالبات میں شامل ہیں۔ترجمان ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات گزشتہ کئی دنوں سے جاری سیاسی ملاقاتوں کا تسلسل ہے، کراچی اور حیدرآباد سمیت شہری سندھ کے مسائل پر متحدہ قومی موومنٹ کا مؤقف سندھ کی حکمراں جماعت کے سامنے تمام تر حقائق کی روشنی میں رکھا گیا، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شہری سندھ کے مسائل کے حل کیلئے مستقل اور بہتر روابط استوار کرنے پر اتفاق کیا۔

زرداری ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم وفد کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں جماعتوں کا ملک کے وسیع تر مفاد میں ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے، پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کے پیش کردہ تمام نکات سے بھی اتفاق کرلیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں