عمران خان اور شہباز شریف نے اجلاس طلب کر لیے، دونوں کے ایجنڈے سامنے آ گئے

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کیے جانے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنی سیاسی حکمت عملی کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ خفیہ رکھنے کی کوششوں میں مصروف نظر آتی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے متحدہ اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس میں طلب کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے حکومت نے کوششیں تیز کردی ہیں، اس سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ اتحادی ساتھ رہے تو عدم اعتماد کی تحریک ضرور ناکام ہو گی، میری درخواست تھی کہ اس تحریک میں ہمارا ساتھ دیں۔

دوسری جانب متحدہ اپوزیشن میں شامل جماعتوں کی بڑی اور اہم بیٹھک بھی آج لگے گی، شہباز شریف کی میزبانی میں آصف زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کے اہم اجلاس میں اختر مینگل اور اپوزیشن کے دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے۔اجلاس میں وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کیلئے نمبر گیم یقینی بنانے کا جائزہ لیا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close