اسلام آباد (پی این آئی)اینٹی کرپشن پنجاب کے زیر حراست ن لیگ کے رہنما چوہدری تنویر کی طبیعت خراب ہوگئی، چوہدری تنویر کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے گرفتار رہنما چوہدری تنویر دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کردیئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کے زیر حراست مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تنویر کی طبیعبت خراب ہوگئی، اور انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے۔
چوہدری تنویر گزشتہ دو روز سے دل کے عارضے کی شکایت کر رہے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد انہیں داخل کر لیا گیا ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری تنویر کے کچھ ٹیسٹ کئے جائیں گے اور ان ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا جا سکے گا کہ انہیں مزید کب تک اسپتال رکھنا ہے۔واضح رہے کہ آج چوہدری تنویر کو محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈیوٹی جج مجتبی الحسن کی عدالت میں پیش کیا، ان کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل کی تکلیف ہے اور انہیں طبی امداد کی ضرورت ہے، تاہم عدالت نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے طبی معائنہ کرنے، ادویات کی فراہمی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں