پی ٹی آئی سے بغاوت مہنگی پڑ گئی، چار اراکین اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کیلئے اقدام اٹھا لیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) سینیٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے چار ممبران کے پی پی امیدوار کو ووٹ دینے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے وزیراعظم عمران خان کو خط ارسال کر دیا۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایم پی اے کریم بخش گبول اور دیوان سچل کی پارٹی رکنیت ختم کی جائے۔خرم شیر زمان نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی نشست کے انتخابات پر بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

بحیثیت پارلیمانی لیڈر میں نے 8 مارچ بروز منگل سینٹ کے حوالے سے اجلاس طلب کیا تتھا۔اجلاس میں انتخابات کے بائیکاٹ کے حوالے سے اہم فیصلے طے پائے تھے۔خرم شیر زمان نے بتایا کہ کریم بخش گبول اور دیوان سچل پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ان دونوں ارکان نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں سینیٹ کی نشست کے لیے ووٹ کاسٹ کیا۔خط کے متن کے مطابق دونوں ارکان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی گئی لہذا دونوں ارکان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔خیال رہے کہ فیصل واوڈا کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی نے باآسانی جیت لی ہے اس نشست پرپیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کامیاب ہوگئے ہیں۔سندھ سے سینیٹ کی اس خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے سندھ اسمبلی میں پولنگ صبح 9بجے سے لیکرشام 5 بجے تک جاری رہی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو سندھ سے سینیٹر منتخب ہو گئے، انہوں نے 99 ووٹ حاصل کئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا الیکشن میں ،کل 100 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے ۔سندھ اسمبلی کی کل نشستوں کی تعداد 168 ہے جس میں سے پیپلز پارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو 99 ووٹ لیکر سینٹر منتخب ہوئے۔ سینیٹ کی اس نشست کے الیکشن کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود پی ٹی آئی کے کئی ارکانِ سندھ اسمبلی ووٹ دینے پہنچ گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close