صادق سنجرانی کو ہٹا کر نیا چئیرمین سینیٹ لانے کی تیاریاں، اپوزیشن نے فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) متحدہ اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جگہ نیا چیئرمین لانے کا فیصلہ کرلیا، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں مسلسل جانبداری دکھا رہے، کم ازکم اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کو غیرجانبدار رہنا چاہیے۔ متحدہ اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔جس کے تحت صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کیلئے تحریک پیش کی جائے۔

اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو امید تھی کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کم ازکم اس موقع پر غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں گے۔ لیکن صادق سنجرانی وزہراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مسلسل جانبداری دکھا رہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی اور مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے ملاقاتیں کیں۔ان ارکان میں راولپنڈی، پشاور اور چکوال سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں۔ ملاقات میں کنول شوزب، بیگم شاہین سیف اللہ طورو، نفیسہ عنایت اللہ خٹک، شیخ راشد شفیق، منصور حیات اور ذوالفقارعلی خان دیگر شریک ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ارکان کو عوام سے روابط مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے باعث دیوالیہ معیشت کو استحکام ملا، حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے کمی کی۔

حکومت نے بجلی کی قیمت میں بھی فی یونٹ 5 روپے کمی کی، حکومت نے عوام دوست اقدامات کیے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ٹی کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ٹیکس میں چھوٹ دی، کامیاب پاکستان پروگرام میں کاروباری قرضوں پر407 ارب کی سبسڈی دی جائے گی، احساس پروگرام کا وظیفہ 12 ہزار سے بڑھا کر14ہزار روپے کردیا ہے۔ مزید برآں دوسری جانب وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیراعظم عمران خان آج اور کل ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیر اعظم قومی اسمبلی کے ارکان سے تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کریں گے، وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں سب سے بڑا جلسہ کریں گے، جلسہ عدم اعتماد سے ایک روز قبل کیا جائے گا، پارٹی سے غداری کرنیوالوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، عدم اعتماد میں اپوزیشن کو شکست ہوگی، اپوزیشن معاشی ترقی کا سفر روکنا چاہتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں