ن لیگ نے کراچی کے مسائل پر ایم کیو ایم کا مؤقف تسلیم کر لیا، کیسے ساتھ دیں گے؟

کراچی (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے خلاف متحد اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر حمایت کے حصول کے لیے فریقین کی جانب سے مسلسل رابطے، ملاقاتیں اور جوڑ توڑ جاری ہے۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے ایم کیو ایم کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے اسے گارنٹی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کراچی کے بارے میں ایک سوچ ہے، جس سے ہم مکمل اتفاق کرتے ہیں، نوکریوں میں حصہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ہم بات کریں گے، پی پی کو اپوزیشن کے پلیٹ فارم پر آنے والی جماعتوں کے تحفظات کا ازالہ کرنا چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ کراچی کے مسائل اور وسائل سے متعلق ایم کیو ایم درست بات کر رہی ہے، ایم کیو ایم نےجائز معاملات سامنے رکھے ہیں، اس پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ (ق) لیگ نے وزارت اعلیٰ کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پیپلز پارٹی اور شہباز شریف سے بات ہوئی ہے، اعلیٰ قیادت مشاورت کرکے ایم کیو ایم کو گارنٹی دے گی، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close