بھارت کی جانب سے غلطی سے لانچ ہونیوالے میزائل کی رینج میں پاکستان میں کتنی کمرشل پروازیں تھیں؟ خوفناک انکشاف

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان میں 4 کمرشل پروازیں بھارتی میزائل کی رینج میں تھیں۔بھارت سے میزائل حادثاتی طور پر چلنے اور میاں چنوں میں دھماکے سے گرنے کے عین وقت پر اس علاقے کے آس پاس دو بین الاقوامی سمیت چار کمرشل فلائٹ فضا میں تھیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس میزائل کی ڈائریکشن اوپر یا بلندی کی طرف ہوتی تو خدانخواستہ کوئی ایک طیارہ نشانہ بن سکتا تھا۔

بھارتی وزارت دفاع نے معمول کی دیکھ بھال کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوجانے کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان سے معافی مانگی ہے۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ہنگامی پریس کانفرنس کی تھی اور بتایا تھاکہ 9 مارچ کو 6 بجکر 33 منٹ پر بھارتی حدود سے ایک سپرسونک پروجیکٹ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 9 مارچ کی شام عین اس وقت خانیوال ساہیوال اور چیچہ وطنی کے اوپر 2 غیر ملکی سمیت چار کمرشل طیارے محو پرواز تھے، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہونے کے نجی ائیرلائن ائیربلیو کی پرواز پی اے 405 ٹھیک 6:33 بجے 35700 فٹ کی بلندی پر چیچہ وطنی کے اوپر پرواز کررہی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مسقط سے سیالکوٹ کے لیے اسلام ائیر کی پرواز اے وی301 بھی خانیوال کے قریب 39 ہزار فٹ کی بلندی سے محو پرواز تھی۔ اس کے علاوہ فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 338 سیالکوٹ سے دبئی کیلئے روانہ ہوکر اس وقت ساہیوال کے قریب 30 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی پرواز پی کے 305 جو عین اس وقت 27400 فٹ کی بلندی سے ساہیوال اور چیچہ وطنی کے درمیان سفر میں تھی۔ کمیشن ذرائع کے مطابق خدانخواستہ اس میزائل سے کوئی ایک طیارہ نشانہ بن سکتا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close