اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا جہانگیر ترین اور علیم خان کی ن لیگ میں شمولیت سے متعلق خبر پر ردعمل سامنے آگیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں جب احسن اقبال سے جہانگیر ترین اور علیم خان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان جیسے لوگوں کا ن لیگ کی فیصلہ سازی میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی فیصلہ سازی میں وہی لوگ کردار ادا کریں گے جنھوں نے پارٹی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔خیال رہے کہ یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف ترین گروپ کے رہنما اور سابق وزیر علیم خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے لندن میں ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔ تاہم علیم خان کے ترجمان نے ملاقات کی تردید کی ہے۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ سے رابطہ بھی ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے ترین گروپ کی قیادت سےرابطہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ہفتے ترین گروپ اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ملاقات ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں