لندن (پی این آئی) کرکٹ کی دنیا کے بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے الیکشن سے قبل عوام سے کچھ زیادہ بڑے وعدے کرلئے تھے۔ گزشتہ روز کشمیر پریمئیر لیگ روڈ شو کے موقع پر برطانوی دارالحکومت لندن میں پاکستانی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران خان کو معقول ہوم ورک اور مخلص ٹیم کے ساتھ آنا چاہئے تھا۔
کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران خان کے بڑے وعدے پورے کرنے کیلئے 10 سے 15 برس چاہئیں، ایسی بات نہیں کہ عمران بھائی کی حکومت نے کچھ نہیں کیا، عمران خان کی ٹیم اپنے کاموں کے بارے میں بتا نہیں پارہی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ میں نہیں کہوں گا کہ سیاست میں نہیں آؤں گا، تا کہ یوٹرن کا الزام نہ لگے۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کشمیر پریمئیر لیگ کے میچز کا برطانیہ میں ہونا خوش آئند ہوگا، اس کے ذریعے دنیا کو پیغام گیا کہ کشمیر کے لوگ پرامن اور محنت کرنے والے ہیں،
کے پی ایل میں دو نئی فرنچائزز کی شمولیت اس کی مقبولیت کی دلیل ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کے پی ایل کا حکومت کی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے، کے پی ایل کا ٹیلنٹ پی ایس ایل اور پاکستان ٹیم کا حصہ بنے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں