اسلام آباد(پی این آئی)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ملک بھر میں جے یو آئی کے کارکنوں نے احتجاجاً اہم سڑکیں بلاک کردیں جس سے ٹریفک جام ہوگیا۔سندھ کے شہر سکھر میں جے یو آئی کے کارکنوں نے قومی شاہراہ پنوعاقل پر دھرنا دے دیا، جے یو آئی کارکنان پریس کلب کے سامنے بھی دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔نواب شاہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے سکرنڈ روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردی۔
جیکب آباد میں بھی کارکنان کا ڈی سی چوک پر دھرناجاری ہے، میرپورخاص میں جے یو آئی کے کارکنان نے ٹول پلازہ پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا، ادھر مٹیاری میں بھی جے یو آئی کارکنوں کا قومی شاہراہ پردھرنا جاری ہے جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔اس کے علاوہ سوات میں جے یو آئی کےکارکنوں نے نشاط چوک مینگورہ میں مظاہرہ کیا، ادھر خضدار میں بھی جے یو آئی کے کارکنان قومی شاہراہ پر جمع ہونے لگے، مانسہرہ میں مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ہزارہ ایکسپریس وے پر احتجاج کیا جا رہا ہے،کارکنوں نے اچھڑیاں کے قریب ہزارہ ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے بندکردی۔اسلام آباد میں بھی مولانافضل الرحمان کی کال پردرجنوں کارکنان پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے۔
کوئٹہ میں مولانافضل الرحمان کی کال پرپارٹی کارکنوں نے منان چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر جناح روڈ بلاک کردی، حب بائی پاس اور اوتھل کے مقام پر بھی جے یو آئی کا احتجاج جاری ہے جس سے کراچی کوئٹہ شاہراہ بند ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں بھی جے یو آئی کی جانب سے قاسم آباد کےقریب قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں