اسلام آباد پولیس رات گئے ایکشن میں آگئی، انصارالاسلام کے رضاکاروں کیخلاف آپریشن شروع، وزیرداخلہ شیخ رشید نے بڑا حکم جاری کردیا

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز سے جمعیت علمائے اسلام کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے رضاکاروں کو باہر نکالنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ لاجز میں انصار الاسلام کے کارکنان کی موجودگی کا نوٹس لے لیا ہے اور ان کو ہر صورت باہر نکالا جائے گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ’یہ جگہ پارلیمنٹیرینز کی ہے یہاں اس قسم کے جتھوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا، ہم ان کو باہر نکالنے کا بندوبست کر رہے ہیں۔‘واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے رضاکار جمعرات کی شام کو پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے تھے اور انہوں نے لاجز کے اندر اپنا کیمپ قائم کر رکھا ہے۔جے یو آئی کی ذیلی تنظیم کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنے پارلیمنٹیرینز کی سکیورٹی کے لیے یہاں آئے ہیں اور عدم اعتماد کی تحریک تک یہیں موجود رہیں گے۔‘اسلام آباد کے ریڈ زون میں کسی قسم کے تصادم سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہو گئی ہے۔

ایڈشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد پارلیمنٹ لاجز میں موجود ہیں جہاں وہ انصار اسلام کے رضاکاروں سے مذاکرات کر رہے ہیں۔دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری بھی لاجز کے اندر اور باہر موجود ہے جبکہ قیدیوں کو لے جانے والی گاڑی بھی لاجز کے باہر پہنچ گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے ایک اعلی عہدیدار نے اردو نیوز کو بتایا کہ اس وقت پارلیمنٹ لاجز میں انصار السلام کے 4 سے 5 رضا کار موجود ہیں جبکہ دیگر رضا کار بھاگ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز میں موجود رضا کاروں کو گرفتار کریں گے اور ان کے خلاف پرچہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رضاکار پارلیمنٹ لاجز میں کیسے گھس آئے اس سے متعلق بعد میں انکوائری کی جائے گی۔خیال رہے کہ اپوزیشن کی جماعتوں نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انصار الاسلام ہمارے رضاکار ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے رضاکار پرامن ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انصار اسلام ہمارے رضاکار ہیں اور وہ پرامن ہیں۔’ہم نے اپنے جلسوں میں پولیس کے بجائے اپنے رضاکاروں پر انحصار کرتے ہیں۔‘دوسری جانب انصار الاسلام فورس کے پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے ڈی چوک پر قائم ناکہ انچارج، پارلیمنٹ لاجز کے انسپکٹر انچارج اور لائن آفیسر کو معطل کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں