لاہور(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن 172ووٹ پورے کرلے تو مجھ سے زیادہ کمزور کوئی نہیں ہوگا، پہلے تحریک عدم اعتماد پھر پنجاب کا معاملہ دیکھیں گے، احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا،عدم اعتماد سے پہلے اسلام آباد میں بڑا جلسہ کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان سے ن لیگ کے 6 ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔
جس میں سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی، ملاقات میں ن لیگی ایم پی ایز نے وزیراعظم کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اپنی ساری توجہ اسلام آباد پر رکھیں، پہلے تحریک عدم اعتماد پھر پنجاب کا معاملہ دیکھیں گے، اپوزیشن اگر 172 ووٹ پورے کرلے تو پھر مجھ سے کمزور کوئی نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سوچا عدم اعتماد سے پہلے اسلام آباد ڈی چوک میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ کروں، جلسے میں بتاؤں گا اپوزیشن یہ سب کیوں کررہی ہے، احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔زید برآں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی کے سینئر رہنمائوں کا اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، فواد چوہدری، فرخ حبیب، دیگر رہنماؤں اور قانونی ٹیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق آئندہ کی حکمتِ عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں تحریکِ عدم اعتماد کے قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اتحادیوں کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پالیں گے۔ وزیرِاعظم نے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی اور میں اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ کھڑا ہوں، تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ ایسا پلان تیار کررکھا ہے ان کو سمجھ نہیں آنی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں