اسلام آباد (پی این آئی )سینیٹ کی نشست پر سندھ اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے اراکین ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیے گئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی خالی سینیٹ نشست پر سندھ اسمبلی میں پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے
سینیٹ الیکشن کے لیے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔تاہم پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی پارٹی قیادت کی جانب سے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے۔پی ٹی آئی رکن دیوان سچل اور کریم بخش گبول سندھ اسمبلی پہنچے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔خیال رہے کہ سینیٹ کی نشست کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے نثار کھوڑو جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ارسلان تاج کو امیدوار نامزد کیا ہے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے فیصل واوڈا کی نا اہلی کی
وجہ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے اتحادی جماعتوں سے سینیٹ انتخاب میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی ہے،آغا ارسلان سینیٹ کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔ خیال رہے کہ دوہری شہریت کے باعث فیصل واوڈا کو نا اہل قرار دینے پر نشست خالی ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے اتحادی ایم کیوایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا ہے۔خیال رہے کہ فیصل واوڈا کی خالی نشست پر الیکشن 9 مارچ کو سندھ اسمبلی میں ہونا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں