تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے میں تحریک انصاف کی پہلی بڑی کامیابی، بڑی یقین دہانی کر ادی گئی

کراچی (پی این آئی) اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی کوششیں، تحریک انصاف کو پہلی کامیابی مل گئی، اتحادی جماعت جی ڈی اے نے ہر مشکل وقت میں بطور اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کیلئے اتحادی جماعت جی ڈی اے کی جانب سے بڑا اعلان کیا گیا ہے۔

جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کل وزیر اعظم عمران خان کی کراچی آمد کے موقع پر پارٹی سربراہ پیر پگاڑا سے ملاقات نہیں ہو سکے گی۔پیر پگاڑا ذاتی مصروفیات کی وجہ سے خیرپور میں موجود ہیں۔ سائرہ بانو کا مزید کہنا ہے کہ غیر مشروط طور پر وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب بھی ہر مشکل وقت میں بطور اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔جبکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کرنے کی بھی تصدیق کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر کراچی پہنچیں گے اوراحساس پروگرام کی تقریب سے خطاب کے علاوہ کراچی میں پارٹی کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اوراہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔متحد قومی موومنٹ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے وزیراعظم پاکستان عمران خان بدھ 9 مارچ کو دوپہر 2 بجے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کریں گے اور رابطہ کمیٹی سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان ایک ایسے وقت میں اپنی اتحادی جماعت کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کریں گے جب اپوزیشن ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا چکی ہے۔ جبکہ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اپنے پتے کھیل لیے اب ہماری باری ہے،عمران خان نے کہا تھا جس دن احتساب ہوگا چور اکٹھے ہو جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close