اسلام آباد (پی این آئی )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پونے چار سالوں میں ہر طریقے سے ناکام رہی ،اس لیے پونے چار سال بعد تحریک عدم اعتماد لانے کی ضرورت پڑی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ، عوام کی مشکلات بڑھیں ، خارجہ محاذ پر بھی ہم نے دوستوں کو ناراض کیا ۔
اسلام آباد میں آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ساڑھے تین سالوں میں ملک معاشی ، سماجی اور معاشرتی حوالے سے نیچے گیا ،پاکستان کی 74سالہ تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی ، عام آدمی کے لیے زندگی محال ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ خارجہ محاذ پر جنہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا انہیں ناراض کردیا گیا ،عمران خان نے سی پیک میں کرپشن کے بے جا الزامات لگا کر چین کو ناراض کیا ،یورپی یونین کے خلاف بیان دیا ۔شہبازشریف نے کہا کہ حکومت تحریک عدم اعتماد کو بیرون ملکی سازش قرار دے رہی ہے ،حکومت نے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ چن دیا ، کیا یہ غیر ملکی سازش ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی چینی ،ادویات ، مالم جبکہ ،پشاور میٹرو اور بلین ٹری منصوبہ میں کرپشن کیا بین الاقوامی سازش ہے ، اس سے زیادہ احمقانہ بات نہیں ہو سکتی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں