ماہِ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کا فیصلہ، حکومت نے 19اشیائے ضروریہ سستی کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے ماہ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کا اعلان کردیا ہے، رمضان میں19 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی، رمضان ریلیف پیکیج کیلئے 8.28 ارب کی خطیر رقم منظورکرلی گئی۔ وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اعلامیہ اجلاس میں کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے کامیاب اوورسیزپروگرام کی منظوری دی گئی ہے۔

کم آمدنی والے تارکین وطن کو بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ جس کے تحت 10ہزار180 افراد کو 3لاکھ تک قرض فراہم کیا جائےگا۔ اسی طرح وزیراعظم کے اعلان کے مطابق بجلی نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ ریلیف کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ ریلیف پیکج مارچ سے جون2022 تک 4 ماہ کیلئے دیا جائےگا۔ریلیف پیکیج کے تحت عوام کو 136ارب روپے کی سہولت دی جائے گی۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماہ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی اربوں روپے کا رمضان پیکیج دے گی اوررمضان پیکیج کے ذریعے عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے جائیں گے اور آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی۔زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں ارزاں نرخوں پر صارفین کو دستیاب ہوں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف دینے کے لئے سہولت بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ رمضان بازاروں اورسہولت بازاروں کے ذریعے اپنے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے مستقل نجات دلائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رمضان بازاروں کو ماہ شعبان کے آخری ہفتے سے فنکشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ میں خود رمضان بازاروں کے دورے کروں گا جبکہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مشن میں رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close