عمران خان کو ایک کمرے میں بند کر دیں ورنہ ۔۔۔۔مریم نواز نے حیران کن مطالبہ کر ڈالا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ تکبر اور ظلم انسان کے آگے آتا ہے،عمران خان کو دیکھ کر عبرت ہوتی ہے،تکبر اور گھمنڈ کا پہاڑ آج جب ان لوگوں کے در پر حاضری دے رہا ہے جن سے ہاتھ ملانے کو وہ اپنی توہین سمجھتا تھا تو زندگی اور سیاست کے طالبعلم سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، اپنی سیاسی مخالفت میں پاکستان کا نقصان کرنے کا اختیار ان کو کس نے دیا؟ ان کو کمرے میں بند کریں ورنہ بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے تو آگ لگنے کا خطرہ ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ کل کیا ہو گا یہ صرف اللّہ تعالی کی ذات جانتی ہے مگر عمران خان کے ساتھ جو بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں۔کرسی اور طاقت کا غلط استعمال اور اس کو دائمی سمجھ لینے والے کا انجام ایسا ہی ہوتا ہے۔سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں اور حکومت بھی آنی جانی شے ہے مگر تکبر اور ظلم انسان کے آگے آتا ہے۔ نواز شریف صاحب پر یہ ان کی ذاتی و سیاسی زندگی کا شاید مشکل ترین وقت تھا مگر بدترین حالات کے باوجود ان کا کوئی ساتھی انہیں چھوڑ کر نہیں گیاکیونکہ انہوں نے ہر کسی کو عزت دی۔ صبر اور تہذیب کا دامن نہیں چھوڑا۔طاقت کا رعب نہیں جمایا، دھمکیاں نہیں دیں، تمسخر نہیں اڑایا، کرسی جاتی دیکھ کر میں چھوڑوں گا نہیں جیسی بازاری زبان استعمال نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دیکھ کر عبرت ہوتی ہے۔تکبر اور گھمنڈ کا پہاڑ آج جب ان لوگوں کے در پر حاضری دے رہا ہے جن سے ہاتھ ملانے کو وہ اپنی توہین سمجھتا تھا تو زندگی اور سیاست کے طالبعلم سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ چار سال عوام کی طرف سے مجرمانہ بے حسی اور غفلت برتنے والے ، مہنگائی اور نااہلی سے ان کی زندگیاں تباہ کرنے والے کو آج اچانک جلسوں میں روتا دھوتا دیکھ کر جھرجھری آتی ہے۔ ریاستی طاقت استعمال کر کے دوسری جماعتوں کو توڑنے کی کوششش کرنے والے کا ایک ایک لمحہ اب اراکین کی منتیں کرنے میں صرف ہو رہا ہے اور ابھی حکومت بھی اس کی ہے! یہ سب مکافات عمل نہیں تو اور کیا ہے؟ انسان کو انسان نا سمجھنے والے کا یہی انجام ہے، مجھ سمیت سیاست اور زندگی کے طالب علم ضرور غور کریں۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ خان صاحب نے صرف مخالفین کو ہی نہیں بلکہ دوسرے ممالک کو بھی گالیاں اور دھمکیاں دیں۔ اپنی سیاسی مخالفت میں پاکستان کا نقصان کرنے کا اختیار ان کو کس نے دیا؟ ان کو کمرے میں بند کریں ورنہ بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے تو آگ لگنے کا خطرہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں