پشاور خودکش دھماکے میں ملوث3 ملزمان کی شناخت ہوگئی،شیخ رشید

اسلام آباد،پشاور (پی این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور خودکش دھماکے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچ چکی ہے ، ایک دو روز میں پولیس ملزمان تک پہنچ جائے گی۔دوسری جانبصوبائی دارالحکومت پشاور میں گزشتہ روز جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج چل بسے ۔ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق گزشتہ روز اسپتال میں 57 افراد کی میتیں لائی گئی تھیں جبکہ دھماکے کے 37

زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے 5 آئی سی یو میں ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہسپتال میں دم توڑنے والے افراد کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے قصہ خوانی بازار میں نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 57 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دریں اثناصوبائی دارالحکومت پشاور میں جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش دھماکے کے دوسرے روز بھی فضا سوگوار رہی ، سی ٹی ڈی میں دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close