اسلام آباد (پی این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ق لیگ مفت ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر آفر کرنا پڑے گی، بلاول بھٹو نے کہا کہ عدم اعتماد لانے کا مقصد خود کو وزیر اعظم بنانا نہیں ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان کو گھر بھیجنے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئے گا، وہ محدود مدت کے لیے ہو گا اور اس کا مینڈیٹ انتخابی اصلاحات اور شفاف انتخابات کرانا ہو گا ۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو ہٹانے کیلئے پی پی جمہوری طریقہ اپنائے گی، یہ خو ش آئند ہے عدم اعتماد کیلئے تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کا پاکستان آنا ان کا اپنا فیصلہ ہے، میں اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو ویسی ہی شکست دیں گے جیسی یوسف گیلانی کو سینیٹر بنا کر دی تھی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی دل بڑا کر کے شہباز شریف کو وزیر اعظم کے لیے ووٹ دینے کی قربانی دے سکتی ہے تو نون لیگ سے بھی امید ہے کہ وہ لچک دکھائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہو گئی ہے تو اچھی بات ہے،
پیپلزپارٹی کے لوگوں کو بھی حالیہ دنوں میں ایسی کوئی کالز نہیں آئیں جو پہلے آیا کرتی تھیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں