عمران خان کو باہر سے کوئی خطرہ نہیں، اس وقت پنجاب کو کون سنبھال سکتا ہے؟ سینئر صحافی نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)سینئیر صحافی و تجزیہ کار ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ اس وقت اگر پنجاب کو کوئی سنبھال سکتا ہے تو وہ صرف پرویز الٰہی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ چودھری برادران ، شریف خاندان پر کبھی اعتبار نہیں کر سکتے، عمران خان چودھری برادران کے گھر اکیلے نہیں گئے، عمران خان کو ایسا ہی کرنا چاہئیے تھا۔

جہانگیر ترین کے معاملے میں بھی عمران خان کو یہی کرنا چاہئیے۔ ان کا دل دکھایا گیا، انہیں افسردہ کیا گیا، اگر انہوں نے دکھ سہا ہے تو اس کی تلافی ہونی چاہئیے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ آصف زرداری نے کمال کا ایک فارمولا بنایا ہے، وہ کہتے ہیں کہ حکومت ہمیں مل جائے گی، مولانا فضل الرحمان کا خیبرپختونخواہ کا گورنر ہو گا، پنجاب کا گورنر پاکستان پیپلز پارٹی کا ہو گا، سندھ کا گورنر ایم کیو ایم کا ہو گا۔تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اب باہر سے خطرہ نہیں ہے۔

اس وقت اسٹیبلشمنٹ لا تعلق ہے، پنجاب اگر کوئی سنبھال سکتا ہے تو وہ صرف پرویز الٰہی ہیں، ایمنسٹی اسکیم کوئی دیر پا حل نہیں ہے لیکن اس وقت پیسے چاہئیں ، انہوں نے نوکریاں پیدا کرنی ہیں۔ روس اور یوکرین کے مابین جاری جھڑپوں سے متعلق بات کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ یوکرین کے صدر تو نیوٹرل ہونے کے لیے تیار تھے، یوکرین مسئلے کا صرف ایک ہی حل ہے کہ غیر جانبدار ہو جائیں، اس سے فوری جھگڑا ختم ہو جائے گا، اب امریکہ یہاں پر روس کو بلیڈ کرنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں