سماء کے صحافی اطہر متین کا قاتل پولیس مقابلے میں مارا گیا، کتنے لاکھ روپے انعام مقرر تھا؟

کراچی (پی این آئی) سندھ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کے اہم شہر قمبر شہدادکوٹ میں پولیس کی کارروائی کے دوران کراچی کے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ملزم ہلاک ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ کا کہنا ہے کہ قمبر شہداد کوٹ اور کراچی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت انور حسنی بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔ سندھ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم انور کی گرفتاری کے لئے 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا،

ہلاک کئے گئے ملزم کے دوسرے ساتھی اشرف کو منگھو پیر سندھ بلوچستان بارڈر سے 26 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے ملزم کے کرمنل ریکارڈ کے مطابق اس کے خلاف 13 مقدمات درج تھے۔ سندھ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم 2014ء سے وارداتوں میں ملوث اور 3 مرتبہ گرفتار ہوچکا تھا، ملزم ہر بار ضمانت پر رہا ہوکر وارداتیں کرتا رہا۔ واضح رہے کہ صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات بھی جاری ہیں، جائے وقوعہ سے ملنے والے خول کی فارنزک رپورٹ بھی آگئی ہے،

جس میں قتل میں استعمال اسلحہ پہلے بھی واردات میں استعمال ہونے کا انکشاف ہوا۔ رپورٹ کے مطابق چند روز قبل گلبرگ میں بھی اسی اسلحے سے شہری پر فائرنگ کی گئی تھی، ملزم انور اور اشرف نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی چلائی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں