اپوزیشن کے7 ارکان تحریک انصاف کیساتھ مل گئے، پرویز خٹک نے دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن کے7 ارکان اپنے ساتھ ملانےکا دعویٰ کردیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نوشہرہ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر اپوزیشن کو کیسے توڑیں گے ؟ سب دیکھ لیں گے، اپوزیشن کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم سوئے نہیں ہیں، اپوزیشن ہمارے اتحادیوں کو توڑ نہیں سکتی، اپوزیشن کے سات ایم این ایز ہمارےساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن والوں کے رنگ اڑے ہوئے ہیں، ان کا ڈراما فلاپ ہونے والا ہے، ہمارا کوئی ایم این اے کہیں نہیں جا رہا، یہ سب افواہیں ہیں۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے نے اپوزیشن پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جو بھی رکن وزیراعظم کے خلاف ووٹ دے گا وہ نااہل ہوجائے گا، تحریک عدم اعتماد اتنی آسان نہیں، سیاسی مخالفین محض دھوکا دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ جو ممبر پی ٹی آئی اور وزیراعظم کے خلاف ووٹ ڈالے گا وہ نااہل ہو جائے گا، جب ممبر نااہل ہوگا تو یہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکیں گے، اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم سوئے ہوئے نہیں، اتنا آسان نہیں کہ ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے، تحریک عدم اعتماد کا ڈرامہ بنا ہوا ہے اور اپوزیشن سے ڈبل ہم تیار ہیں۔وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی، صرف لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں،

ہم اپنے ممبران کے ساتھ رابطے میں ہیں، اپنی تیاری کی ہے اور ہر چیز کے لئے تیار ہیں، وزیراعظم عمران خان پانچ سال مکمل کرینگے اور ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہے اور رہے گی، اتحادی جماعتوں کا وزارت سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ وعدے پورے کرینگے، خوشی کی بات ہے جو ایک دوسرے کو گالیاں اور سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے آج وہ ایک ساتھ ہیں، اپوزیشن کو ڈر ہے کہ ان کے کیسز کھل جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں