بلاول بھٹو کی دُلہن جماعت اسلامی سےہوں گی؟ آصف علی زرداری نے سراج الحق کو ذمہ داری سونپ دی

لاہور (پی این آئی)سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے درمیان منصورہ میں ملاقات ہوئی۔ سابق صدر آصف زرداری نے واضح طور پر کہا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن کی بڑی پارٹی ہے اور آپ کا ایک ووٹ ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ووٹ دیں کیونکہ ماضی میں ایک ووٹ کم ہونے سے بل پاس ہو گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے واضح طور پر کہا کہ حکومت مکمل طورپر ناکام ہو گئی ہے، داخلی و خارجی محاذوں پرحکومت مکمل پسپائی اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد پر کوئی بھی تحفظات ہیں، ہمیں بتائیں انہیں دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اصلاحات پر آپ کے مؤ قف کی مکمل تائید کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کے نتیجے میں بننے والی نئی حکومت سب سے پہلے الیکشن اصلاحات کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اس پر کہا کہ ای وی ایم کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ تجاویز کو جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ میں رکھیں گے، اس کے بعد جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق ابھی تک اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

اس موقع پر آصف زرداری سے ملاقات کے دوران رہنما جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا کہ بلاول کی اتنی عمر ہوگئی شادی کیوں نہیں کرتے؟۔اس سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ رشتہ ڈھونڈنے میں آپ مدد کریں جس پر سراج الحق نے کہا کہ پھر لڑکی تو جماعت اسلامی سے ہو گی۔آصف زرداری نے جواب دیا کہ جماعت اسلامی والے بھی اچھے لوگ ہیں، ایسے میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میرے سسرال کا تعلق بھی جماعت اسلامی سے ہے۔

close