چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ پنجاب دینے کا حتمی فیصلہ کون کرے گا؟ اعلان کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ پنجاب دینے کا فیصلہ نوازشریف کریں گے،مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار پارٹی قائد کو دیا ہے،متحدہ اپوزیشن کی مختلف آپشنز پر ابھی بھی مشاورت ہورہی ہے۔ انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار میاں نواز شریف کو دیا ہے۔

اب چودھری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ پنجاب دینے کا فیصلہ بھی نوازشریف نے کرنا ہے، ہمیں نہیں معلوم کہ وہ اس حوالے سے کیا فیصلہ کرتے ہیں۔حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے متحدہ اپوزیشن کے قائدین کے مختلف آپشنز ہیں، جس پر ابھی بھی مشاورت ہورہی ہے، استعفے دینے ہیں، عدم اعتماد لانی ہے، اس حوالے سے سب سے پہلے مطلوبہ تعداد کو پورا کررہے ہیں۔صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ یہ جو بیانیہ بنایا جارہا تھا کہ اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں جبکہ اپوزیشن بے پر کی اڑا رہی تھی لیکن اب ق لیگ سے متعلق یہ کہ وہ مطالبہ کررہی ہے تو پھراپوزیشن کی بات سچ ہوئی یاان لوگوں کی جو گلا پھاڑ پھاڑ کہتے تھے کہ اپوزیشن بے پرکی اڑا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی رائے ہے کہ فیئراینڈ فری الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء چودھری منظور نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کام آصف زرداری کے ذمہ تھا انہوں نے کردیا، ہماری تیاری مکمل ہوچکی ہے، پنجاب میں عدم اعتماد لانا بہت آسان ہے۔ چودھری منظور نے کہا کہ پنجاب میں عدم اعتماد 2 منٹ کا کھیل ہے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں