کوئٹہ(پی این آئی) بلوچستان کے ممتاز قوم پرست رہنما ء ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ بہالپور کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تدفین کل ہفتہ کو آبائی علاقے چھلگری میں کی جائیگی ، تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ بزرگ قوم پرست رہنماء ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ جمعہ کو لاہور جاتے ہوئے بہاولپور کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں جا ں بحق ہوگئے ۔انکے بھتیجے نادر چھلگری ایڈوکیٹ نے ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے جا ں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ
ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں لاہور جارہے تھے کہ بہاولپور میں انکی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں وہ زخمی ہوگئے تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی تدفین کل ہفتہ کو دوپہر ایک بجے انکے آبائی علاقے چھلگری تحصیل بھاگ میں کی جائیگی ،ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ یکم فروری 1946کو بھاگ میں پیدا ہوئے انہوں نے ڈاکٹر ی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ بلوچ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن کے
بانی چیئر مین تھے ، وہ نیشنل عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی ، بلوچستان نیشنل موومنٹ سے بھی منسلک رہے جبکہ 2018میں انہوں نے اپنی جماعت نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی بھی قائم کی تھی ،ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ 1970میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ مرحوم 1996میں سینیٹ کے رکن بنے انکی عمر 76برس تھی اور انہوں نے پسماندگان میں 4بیٹے اور 4بیٹیاں چھوڑی ہیں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں