اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی حکومت نے قندیل بلوچ قتل کیس کی پیروی کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے لیے وزارت قانون و انصاف اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے مشاورت مکمل کرلی۔نجی ٹی وی سماء کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے لاء ریفارمز کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، موٹروے ریپ، زینب ریپ اور باقی کیسز کے فیصلوں کو مثال بنائیں گے۔
عوام کا ساتھ چاہیے، فتح پاکستان کی ہوگی۔وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حکومت عثمان مرزا کیس کی بھی پیروی کرے گی۔واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بینچ نے قندیل بلوچ کے قتل کیس میں نامزد مقتولہ کے بھائی اور کیس کے مرکزی ملزم وسیم کو بری کر دیا تھا۔ ملتان بینچ کے جسٹس سہیل ناصر نے مقتولہ کے قتل کے کیس میں راضی نامے کی بنیاد اور گواہوں کے اپنے بیانات سے منحرف ہونے پر مرکزی ملزم وسیم کو بری کیا۔قندیل بلوچ کو قتل کرنے کے جرم میں
ملزم وسیم کو 27 ستمبر 2019 کو ملتان کی ماڈل کورٹ نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ قندیل بلوچ قتل کیس میں وسیم کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار محبوب نے ہائی کورٹ کے ملتان بینچ کے سامنے ملزم کی بریت سے متعلق دلائل پیش کیے تھے۔مقتولہ قندیل بلوچ کے والد کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہم نے اللہ کی رضا کی خاطر اپنے بیٹوں کو معاف کر دیا ہے، لہٰذا عدالت بھی اسے معاف کردے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں