لاہور (آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ گزشتہ تین سال کی طرح آئندہ بھی حکومت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی منظر نامے سے غائب ہوتی غیر متحدہ اپوزیشن واپسی کے لیے ہاتھ پاوں مار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمبرز پورے ہونے کی دعویدار اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کے در پر ماری ماری پھر رہی ہیں اگر نمبر گیم پوری ہوتی تو اپوزیشن لانگ مارچ کینسل کر کے فورا تحریک عدم اعتماد لاتی۔
حسان خاور نے کہا کہ چوہدری برادران وضعدار سیاست دان ہیں، تمام جماعتوں سے انکی ملاقاتیں معمول کی بات ہیں، اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کو کچھ آفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ن لیگ 1997 میں بھی ق لیگ کی مدد سے الیکشن جیت کر ان کو دھوکہ دے چکی ہے، جہانگیر ترین گروپ گزشتہ تین سال کی طرح آئندہ بھی حکومت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ حسان خاور نے کہا کہ فی الوقت جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ ایسا کوئی اختلاف نہیں جو حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہو، پیچیدہ سیاسی معاملات میں آپسی اختلاف کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔
پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ان اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کے لیے کام کیا جائے، اس سلسلے میں حکومت کا ٹریک ریکارڈ اپوزیشن سے ہزار درجے بہتر ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی حسان خاور نے مزید کہا کہ تین سال میں اپوزیشن کا اتفاق رائے نہ بن سکا اور حکومت عوامی خدمت میں لگی رہی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں