اسلام آباد(آئی این پی)کراچی کے ماہی گیروں کی 10 رکنی کمیٹی کے ساتھ متعلقہ اداروں کے اہم اجلاس میں ان کے مطالبات تسلیم کر لیے گئے جس کے بعد ماہی گیروں نے دو روز سے جاری احتجاج ختم کردیا ۔ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذرائع کے مطابق آل ماہی گیر 10 رکنی کمیٹی کے ساتھ متعلقہ اداروں کا اہم اجلاس ہوا جس میں ماہی گیروں کے مطالبات تسلیم کر لیے گئے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ، چیئرمین کے پی ٹی، بحری امور کے وفاقی مشیر، فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی ایڈمنسٹریٹر شاہد بھٹی، سندھ ٹرالر ایسوسی ایشن، فیکٹری اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق ماہی گیروں کا مرکزی مطالبہ تسلیم کر لیا گیا جس کے مطابق میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ساحل سمندر سے 12 ناٹیکل میل کے بعد ماہی گیروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گی اور ماہی گیروں کو کام کرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مطالبات تسلیم ہونے کے بعد کراچی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ماہی گیروں نے لانچیں ہٹاکر چینل کھول دیا ہے اس کے بعد کراچی بندرگاہ پر بھی جہازوں کی آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں