اسلام آباد(آئی این پی )وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے آج کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے،عدم اعتماد کے لئے نمبر پورے نہ ہونے پر پھرسے کمیٹیاں بنائیں جارہی ہیں، اپوزیشن کا آج کا اکٹھ کھانے،پینے اور ٹائم پاس کی کی حد تک تھا، شہباز شریف اور فضل الرحمان اب بھی پیپلز پارٹی بالخصوص آصف زرداری کے کردار پر تذبذب کا شکار ہیں، 9 مرتبہ دھوکے کھانے کے بعد اب 10 واں دھوکہ تیار ہے۔
اپوزیشن کے مشترکہ اعلامیے پراپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ،پیپلز پارٹی اور جے یوآئی سمیت اپوزیشن کے پاس کرپشن کے تسلسل کے علاہ عوامی خدمت کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے،نالائق اپوزیشن ساڑھے تین سال سے ہر رات حکومت گرانے کی خواہش دل میں رکھ کر میٹھی نیند سوتی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں دہائی کی بلند ترین مہنگائی ہوئی ہے،وزیراعظم عمران خان عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہمی کے ا یجنڈے پر عمل پیرا ہیں، آج ملکی معیشت پر وہ لوگ تبصرہ کررہے ہیں جو اپنا گھر چلانے کے قابل نہیں ہیں،فضل الرحمان بتائیں انکے پاس ملکی معیشت چلانے کا کونسا فارمولا ہے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور جعلی اکانٹس کی بھر مار اور ماضی کے قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لئے حکومت کو قرض لینا پڑا، پی ٹی آئی پہلی حکومت ہے جو وسائل کی مساوی تقسیم یقینی بنائے ہوئے ہے۔آرڈیننس کا اجرا حکومت کا استحقاق ہے، ماضی میں بھی آرڈینینس جاری ہوتے آئے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں