وزیراعظم عمران خان کا ماسکو میں ریڈ کارپٹ استقبال، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

ماسکو (آئی این پی )ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان تاریخی دو روزہ دورے پر روس پہنچ گئے جہاں ائیر پورٹ پر وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال روسی نائب وزیر خارجہ ایگور مورگولئو نے کیا، اس موقع پر وزیراعظم کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق 23سال بعد عمران خا ن وہ پہلے پاکستانی وزیرا عظم ہیںجو روس کے تاریخی دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچے ۔

ائیر پورٹ پر وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال روسی نائب وزیر خارجہ ایگور مورگولئو نے کیا، اس موقع پر وزیراعظم کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔ جس کے بعد وہ گاڑی پر بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہوگئے۔وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبد الرزاق داد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی ہمراہ ہیں۔ادھروزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا جہاز ماسکو ائیرپورٹ پر لینڈ کر گیا ہے۔ عمران خان روسی صدر کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔روسی وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کی ملاقات بھی شیڈول ہے۔ وزیراعظم اسلامک سینٹر ماسکو کا دورہ اور گرینڈ مفتی سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم روسی کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم 24 فروری کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی جانب سے دو روز قبل جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان اور روس کے دوستانہ تعلقات ہیں، جو باہمی احترام، اعتماد، بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر خیالات کی ہم آہنگی سے عبارت ہیں۔ سربراہی ملاقات کے دوران دونوں وزیراعظم اور روسی صدر توانائی میں تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کا مکمل جائزہ لیں گے۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا دونوں رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے، جس میں اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورت حال بھی شامل ہوگی۔ وزیراعظم کے دورے سے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں بہتری آئے گی۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں