کراچی (پی این آئی) عروس البلاد کراچی میں دہشت کی علامت “وائیٹ کرولا گینگ” کا سرغنہ عمران کرکرے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی پولیس حکام کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں درجنوں گھروں میں وارداتیں کرنے والے ڈاکوؤں کے افغان گینگ کے سرغنہ ’عمران کرکرے‘ کو سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق گرفتار زخمی ملزم عمران عرف کرکرے مختلف افغان گینگ آپریٹ کرتا تھا،
گرفتار ملزم خوف کی علامت بنا ہوا تھا، وہ کراچی کے پوش علاقوں کے گھروں میں چوری کرتا تھا۔ کراچی پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کراچی میں 200 سے زائد گھروں میں چوری کی وارداتوں میں مطلوب تھا، عمران کرکرے کے زیر استعمال کرولا کار میں کورے کار کا جعلی نمبر لگا ہوا ہے۔ ملزمان فیروز آباد، بہادرآباد، گلشن اقبال، نیوٹاؤن، عزیز بھٹی، گلستان جوہر سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کے گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی کرولا کار سے مختلف گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹیں بھی برآمد ہوئی ہیں،
ملزمان واردات کے بعد کار کی نمبر پلیٹ تبدیل کرتے تھے۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض نے بتایا کہ پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ سپرہائی وے کے جمالی پل سے شروع ہوا، ملزمان جمالی پل سے فائرنگ کرتے ہوئے علی گڑھ کچا راستہ تک گئے، مقابلے کے دوران ملزمان کی کار پتھر سے ٹکرائی۔ ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلہ میں ملزم عمران کرکرے زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کے 3 ساتھی اندھیرا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے پیدل فرار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار زخمی ملزم سے غیرقانونی اسلحہ، ایک پستول 9 ایم ایم بمعہ ایمونیشن اور جعلی نمبر پلیٹ اے ایل ایس 953 لگی کرولا کار برآمد ہوئی ہے۔ ڈی ایس پی سہیل فیض کا کہنا تھا کہ گرفتار زخمی ملزم کی شناخت عمران عرف غلام سخی عرف کرکرے کے نام سے ہوئی ہے، جو پہلے بھی 13 مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، ملزم کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، فرار ملزمان کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔ سہیل فیض کے مطابق ملزم کی بتائی ہوئی وارداتوں پر مختلف مدعیان سے شناخت کے لئے رابطہ کیا جا رہا ہے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں